خان یونس میں اسرائیلی حملے ، 40 فلسطینی جاں بحق ، پورے گھرانے ملبے تلے دب گئے

تاثیر  ۱۰  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

غزہ،10ستمبر:غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں تازہ کارروائی میں منگل کو صبح صادق کے وقت غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں بے گھر افراد کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔غزہ کی پٹی میں شہری دفاع کے اعلان کے مطابق حملے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہو گئے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے حماس کی کمان کے مرکز کو نشانہ بنایا۔
شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود بصل کے مطابق حملے میں بعض فلسطینی گھرانوں کے تمام افراد ملبے تلے مٹی میں اوجھل ہو گئے۔ شہری دفاع کے ایک ذمے دار نے بتایا کہ خان یونس میں ہونے والے حملے کے نتیجے میں 9 میٹر گہرا گڑھا پڑ گیا۔اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ نشانہ بننے والے حماس کے عناصر تھے جو اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے نمائندے نے ایمبولینس کی گاڑیوں کو مرنے اور زخمی ہونے والوں کو منتقل کرنے کے لیے تیزی سے جاتے ہوئے دیکھا۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیلی دعوے کی مکمل تردید کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ نشانہ بنائے گئے علاقے میں اس کا کوئی رکن موجود نہیں تھا۔غزہ کی پٹی میں کئی ماہ سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں جاری ہیں۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان فائر بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے لیے جاری کوششیں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔