سعودی عرب کے ساتھ گہرے تعلقات کا خواہاں ہوں : چینی وزیر اعظم

تاثیر  ۱۱  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ریاض،11ستمبر:چین کے وزیر اعظم لی کیانگ کا کہنا ہے کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے گہرا تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں مشترکہ دل چسپی کے دیگر امور اور دونوں ملکوں کے بیچ دوستی اور تعاون مضبوط کرنے کے طریقہ کار بھی زیر بحث آئیں گے۔ یہ بات چینی وزیر اعظم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہی گئی ہے جس کی کاپی العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بھی موصول ہوئی۔اس سے قبل چینی وزیر اعظم منگل کے روز ایک وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے تھے۔ وہ سعودی عرب اور چین کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ لی کیانگ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
چینی وزیر اعظم نے ایک تحریری خطاب میں کہا ہے کہ “میرے لیے باعث مسرت ہے کہ میں سعودی عرب کے ولی عہد اور کابینہ کے سربراہ شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر اس خوب صورت سرزمین کا دورہ کر رہا ہوں۔لی کیانگ نے مزید کہا کہ “میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں ترقیاتی حکمت عملیوں کے تبادلے اور تعاون کی توسیع کو مضوبط کرنے کا خواہاں ہوں۔ مزید یہ کہ چینی اور سعودی عوام کے بیچ دوستی کی بنیاد رکھنا چاہتا ہوں جو چین سعودی تعلقات کو ترقی دے کر زیادہ بلند سطح پر لے جائے۔