تاثیر ۱۲ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
طلبہ لائیو ٹریڈنگ اور اسٹاک مارکیٹ میں مختصر سرمایہ کاری کے ذریعے اضافی آمدنی حاصل کرسکتے ہیں: راج پانڈے
لکھنئو،12ستمبر2024:خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن فیکلٹی آف کامرس کے زیر اہتمام” ا سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری بذریعہ تکنیکی تجزیہ ” کے عنوان سے اٹل ہال میں دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔اس اہم ورکشاپ کیے صدر پروفیسر حیدر علی نے مہمان خصوصی اور اہم مقرر راج پانڈے کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ آپ کے تجربے سے طلبہ کو استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔اس ورکشاپ کے اہم مقرر لابھو فائنن شیئل کے فاونڈر مینیجر راج پانڈے نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائیوٹریڈنگ اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے ذریعے کس طرح طلبہ اضافی آمدنی حاصل کرسکتے ہیں ۔انھوں نے عملی طور پر اسکرین پر سلائڈ کا استعمال کرتے ہوئے طلبہ کو یہ بھی بتایا کہ اس لائیو ٹریڈنگ اور اسٹاک مارکیٹ میں مالی نقصان سے کس طرح محفوظ رہ سکتے ہیںکیونکہ یہ ٹریڈنگ خطروں سے خالی نہیں ہے ،اس مارکیٹ میں جانے سے پہلے اس کی باریکیوں اور اس کے خطروں اور ان خطروں کے سد باب کے لئے راستوں سے کما حقہ واقفیت ضروری ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ بہت سے افراد اس مارکیٹ کی باریکیوں کو سمجھے بغیر اپنا سرمایہ اور جمع پونجی لگادیتے ہیں،جس سے نقصان اٹھاتے ہیں۔اس سلسلے میں انھوں نے طلبہ کو ان باریکیوں اور ان خطروں کے بارے میں بڑی تفصیل سے گفتگو کی ۔طلبہ نے اس دوروزہ ورکشاپ اس موضوع کی باریکیوں اور اس کی اہمیت کے ساتھ اس کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ اور لائیو ٹریڈنگ کے تصورات، کیریئر کے آپشن کے طور پرا سٹاک مارکیٹ کے امکانات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس ورکشاپ میںڈاکٹر دعا نقوی،ڈاکٹر مشیر احمد،ڈاکٹر تبسم علی اور ڈاکٹر ساکشی رائے کے ساتھ دیگر اساتذہ اور کامرس فیکلٹی کے طلبہ نے شرکت کی ۔ آخر میںورکشاپ کے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر دعا نقوی نےسبھی کا شکریہ ادا کیا۔