تاثیر 01 ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، یکم ستمبر:مدھیہ پردیش نے سویا بین کی پیداوار میں اپنی قریبی حریف ریاستوں مہاراشٹرا اور راجستھان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوبارہ ’’سویا بین پردیش‘‘ بننے کا تاج حاصل کر لیا ہے۔
حکومت ہند کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، مدھیہ پردیش 5.47 ملین ٹن سویا بین کی پیداوار کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ ملک کی سویا بین کی کل پیداوار میں مدھیہ پردیش کا حصہ 41.92 فیصد ہے۔ مہاراشٹر 5.23 ملین ٹن کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ملک کی سویا کی کل پیداوار میں مہاراشٹر کا حصہ 40.01 فیصد ہے جبکہ راجستھان 1.17 ملین ٹن کی پیداوار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور ملک کی کل سویا پیداوار میں راجستھان کا حصہ 8.96 فیصد ہے۔
پچھلے دو سالوں میں سویا بین کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے مدھیہ پردیش پیچھے رہ گیا تھا۔ سال 23-2022 میں مہاراشٹر 5.47 ملین ٹن کی پیداوار کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا اور اس نے ملک کی سویا بین کی کل پیداوار میں 42.12 فیصد کا حصہ ڈالا جبکہ مدھیہ پردیش 5.39 ملین ٹن کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ ملک کی کل سویا پیداوار میں حصہ 41.50 فیصد تھا۔
اس سے قبل 22-2021 میں بھی مہاراشٹر 6.20 ملین ٹن کی پیداوار کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا اور اس نے ملک کی سویا بین کی پیداوار میں 48.7 فیصد حصہ ڈالا تھا، جب کہ مدھیہ پردیش 4.61 ملین ٹن کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔ ملک کی کل پیداوار میں اس کا حصہ 35.78 فیصد تھا۔
اس سے ایک سال پہلے 21-2020 میں مدھیہ پردیش 5.15 ملین ٹن کی پیداوار کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا اور اس نے ملک کی سویا بین کی کل پیداوار میں 45.05 فیصد کا حصہ ڈالا۔ اس سال مہاراشٹر 4.6 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا اور راجستھان تیسرے نمبر پر تھا۔