تاثیر ۶ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پیرس، 06 ستمبر: پیرس پیرالمپکس 2024 میں ہندوستانی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ہندوستانی پیرا ایتھلیٹ پر وین کمار نے ہندوستان کی فہرست میں ایک اور تمغے کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے مردوں کے ہائی جمپ ٹی64 مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔ پیرس پیرالمپکس میں ہندوستان کا یہ چھٹا طلائی اور 26 واں تمغہ ہے۔ ہندوستان کے کھاتے میں اب 6 طلائی، 9 چاندی اور 11 کانسی کے تمغے ہیں۔
21 سالہ ہندوستانی کھلاڑی پر وین نے مردوں کے ہائی جمپ T64 ایونٹ کے فائنل میں 2.08 میٹر کی چھلانگ لگا کر پہلا مقام حاصل کیا۔ اس ایونٹ میں امریکہ کے ڈیرک لوزیڈنٹ 2.06 میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور چاندی کا تمغہ جیتا۔ ازبکستان کے تیموربیک زیازوف نے 2.03 میٹر کی چھلانگ لگا کر تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسے کا تمغہ جیتا۔ پیرا اولمپکس میں یہ پر وین کا لگاتار دوسرا تمغہ ہے۔ اس سے قبل، انہوںنے ٹوکیو پیرالمپکس میں 2.07 میٹر کی اپنی بہترین کوشش سے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔