پی ایم مودی نے پیرس میں 29 تمغے جیتنے والے پیرا ایتھلیٹس سے ملاقات کی

تاثیر  ۱۲  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ان پیرا ایتھلیٹس سے ملاقات کی جنہوں نے پیرس پیرا اولمپکس-2024 میں تاریخی 29 تمغے جیت کر ہندوستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
ایک گھنٹے سے زیادہ تک جاری رہنے والی اس میٹنگ کے دوران وزیر اعظم مودی نے پیرا ایتھلیٹس کے ساتھ بات چیت کی اور پیرس میں ان کی کامیابی کی داستانیں سنیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے تاریخی پیرا اولمپک مہم میں 29 تمغے (7 طلائی، 9 چاندی، 13 کانسے) جیتے، جو 2021 میں ٹوکیو میں جیتے ہوئے 19 تمغوں کی اس کی سابقہ بہترین کارکردگی سے بہتر ہے۔
پیرس میں خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل اسٹینڈنگ ایس ایچ 1 ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے والی شوٹر اونی لیکھرا نے وزیر اعظم مودی کو دستخط شدہ ٹی شرٹ پیش کی۔ وزیر اعظم کو پیش کی گئی ٹی شرٹ کے پچھلے حصے پر لکھا تھا’’ آپ کی حمایت کے لئے شکریہ سر‘‘۔ وزیر اعظم مودی نے تمغہ فاتح کے میڈل پر دستخط بھی کئے۔