تاثیر ۶ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 06 ستمبر: ہماچل پردیش میں مانسون کے تیور بدستور سخت ہیں ۔ ریاست کے مختلف حصوں میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ جمعہ کی صبح سے کانگڑا، کلو، منڈی، اونا، ہمیر پور، بلاس پور اور چمبہ اضلاع میں بارش ہو رہی ہے۔ شملہ اور سولن میں مطلع ابر آلود ہے۔ گزشتہ رات بعض مقامات پر تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ پانچ اضلاع میں سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ یہ اضلاع شملہ، سرمور، سولن، منڈی اور بلاسپور ہیں۔ ان اضلاع میں سیلاب کا ایلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ نے ان اضلاع کے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہفتہ تک الرٹ رہیں اور گھروں سے باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں کا سفر نہ کریں اور دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔ ریاست میں 12 ستمبر تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی شام سے جمعہ کی صبح تک بلاس پور ضلع کی نینا دیوی میں سب سے زیادہ 158 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اولنڈا میں 69 ملی میٹر، دہرہ گوپی پور میں 64 ملی میٹر، آر ایل بی بی ایم بی میں 57، دھرم شالہ میں 55 اور پالم پور میں 32 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق، جمعہ کی صبح تک ریاست میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے 40 سڑکیں بند ہیں۔ منڈی ضلع میں 16، کانگڑا میں 10، شملہ میں 9 اور کلو میں دو سڑکیں بند ہیں۔ اس کے علاوہ چمبہ میں 26 اور کلّو میں 6 ٹرانسفارمر بھی خراب پڑے ہیں۔
ہماچل پردیش میں مانسون 27 جون کو پہنچا تھا۔ مانسون نے گزشتہ 71 دنوں میں بڑی تباہی مچائی ہے۔ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اس مدت کے دوران ریاست بھر میں منقولہ اور غیر منقولہ املاک کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ 1330 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے محکمہ تعمیرات عامہ کو 617 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، جب کہ جل شکتی محکمہ کو 507 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ اس دوران 180 مکانات، 58 دکانیں اور 482 مویشیوں کے شیڈ مکمل طور پر تباہ جبکہ 510 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
مانسون کے دوران بارش سے متعلقہ حادثات میں 285 افراد ہلاک اور 30لاپتہ ہیں۔ جبکہ 441 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مانسون حادثات میں 322 مویشی بھی مر چکے ہیں۔