تاثیر ۱۰ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،10ستمبر:ڈیمو کریٹک صدارتی اْمیدوار کملا ہیرس اور ری پبلکن اْمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔ منگل کی شب ہونے والے اس مباحثے کو نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔دونوں اْمیدواروں کے درمیان اس سے قبل کبھی بالمشافہ ملاقات یا ٹیلی فون پر بات نہیں ہوئی۔ لیکن منگل کی شب دونوں فلاڈیلیفا کے نیشنل کانسٹی ٹیوشن سینٹر میں ایک دوسرے سے کچھ فاصلے پر کھڑے ہوں گے۔مباحثے کے لیے 90 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے جس میں ‘ اے بی سی نیوز’ کے ڈیوڈ مویئر اور لِنسی ڈیوس دونوں اْمیدواروں سے سوالات کریں گے۔لاکھوں امریکی شہری اس مباحثے کو دیکھیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ دونوں اْمیدواروں کے درمیان واحد مباحثہ ہو گا۔ یہ صدارتی مباحثہ انتخابات سے آٹھ ہفتے قبل ہو رہا ہے جب کہ کچھ ریاستوں میں ‘ارلی ووٹنگ’ میں بھی چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں۔
الیکشن سے قبل ہونے والے پولز کے مطابق دونوں اْمیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مباحثے کو دونوں اْمیداروں کے لیے اْن ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے جو تاحال کسی اْمیدوار کی جانب جھکاؤ نہیں رکھتے۔جولائی میں صدر بائیڈن نے انتخابی مہم سے دست برداری کا اعلان کرتے ہوئے کملا ہیرس کو صدارتی اْمیدوار بنانے کی حمایت کی تھی۔ یہ اعلان جون کے آخر میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والے صدارتی مباحثے میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھانے کے بعد سامنے آیا تھا۔ جب بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم ختم کی تو اس وقت وہ رائے عامہ کے جائزوں میں ڈونلڈ ٹرمپ سے پیچھے تھے۔کملا ہیرس کو اْمیدوار بنانے کے ساتھ ہی ڈیمو کریٹک پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے بھی اْن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے بعد رائے عامہ کے کئی جائزوں میں وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے دو سے تین فی صد آگے ہیں۔ اتوار کو ‘نیو یارک ٹائمز’ سینا کالج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک سروے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 47.48 فی صد کی برتری کے ساتھ دکھایا گیا ہے، تاہم تین بیٹل گراؤنڈ ریاستوں وسکونسن، مشی گن اور پینسلوینیا میں ہونے والے کئی پولز میں کملا ہیرس ٹرمپ سے آگے ہیں۔ بیٹل گراؤنڈ ریاستوں سے مراد وہ ریاستیں ہیں جو انتخابی نتائج میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہیں۔جائزوں کے مطابق ایریزونا، جارجیا، نیواڈا اور نارتھ کیرولائنا میں دونوں اْمیدواروں کے درمیان برابر کا مقابلہ ہے۔