امریکا اسرائیل میں میزائل شکن نظام اور فوج بھیجے گا: پینٹاگون

تاثیر  14  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،14اکتوبر:امریکہ نے اتوار کے روز کہا کہ وہ اسرائیل میں امریکی فوجیوں کو ایک جدید امریکی میزائل شکن دفاعی نظام کے ساتھ بھیجے گا جو ایک انتہائی غیر معمولی تعیناتی ہے جس کا مقصد ایران کے میزائل حملوں کے بعد ملک کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد “اسرائیل کا دفاع کرنا” تھا جو یکم اکتوبر کو تہران کی جانب سے اسرائیل پر 180 سے زیادہ میزائل داغے جانے کے بعد ایران کے خلاف متوقع جوابی کارروائی کے لیے پر تول رہا ہے۔حکام کہتے ہیں کہ امریکہ نجی طور پر اسرائیل پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ شرقِ اوسط میں وسیع تر جنگ شروع کرنے سے بچنے کے لیے اپنے ردِ عمل کی پیمانہ بندی کرے جبکہ بائیڈن نے ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی اعلانیہ مخالفت کی ہے اور ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔