اترپردیش اسمبلی ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے پوری طاقت جھونک دی

تاثیر  13  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 13 نومبر: بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتر پردیش کی نو اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں جیت درج کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ بی جے پی نے ان سیٹوں پر انتخابی مہم کی ذمہ داری تنظیم کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کے وزراء￿ کو سونپی ہے۔ اتر پردیش میں اسمبلی ضمنی انتخاب کے لیے 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ اس لیے اب امیدواروں کے لیے انتخابی مہم کے لیے ایک ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ اس لیے حکومتی وزرا، پارٹی عہدیدار اور کارکنان ووٹرز کے گھر جا کر عوامی رابطہ کر رہے ہیں۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک اسمبلی ضمنی انتخابات میں جلسہ کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی کے ریاستی صدر بھوپیندر سنگھ چودھری اور ریاستی جنرل سکریٹری تنظیم دھرمپال شکتی کیندر کے کوآرڈینیٹرس اور بوتھ صدور کے ساتھ میٹنگ کرکے بوتھ مینجمنٹ کے لیے ٹھوس حکمت عملی بنا کر جیت کی راہ ہموار کررہے ہیں۔