تاثیر 30 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
اردو زبان سیل پٹنہ کے زیر اہتمام اردو داں طلبا و طالبات کے درمیان حوصلہ افزائی تقریری مسابقہ کا انعقاد
پٹنہ۔ ضلع اردو زبان سیل ، پٹنہ کلکٹریٹ ،پٹنہ کے زیر اہتمام اردو داں طلبا حوصلہ افزائی مسابقہ کا انعقاد فنیشور ناتھ رینو ہندی بھون ،پٹنہ میں منعقد ہوا ۔ تقریب کی صدارت رویندر کمار دیواکر، ایڈیشنل کلکٹر ( اسپیشل) بشمول سنیئر انچارج افسر ضلع اردو زبان سیل پٹنہ نے کی۔تقریب کا آغاز شمع افروزی کےذریعہ ہوا۔طلبا سے خطاب میں رویندر کمار دیواکر، ایڈیشنل کلکٹر ( اسپیشل) بشمول سنیئر انچارج افسر ضلع اردو زبان سیل پٹنہ نےکہا کہ اردو زبان پیار و محبت کی زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے مجھ سے پوچھا کہ اردو زبان کیسی ہے تو میں نے جواب دیا کہ یہ زبان دل جگر اور جان کی زبان ہے۔اس زبان کی خوبی یہ ہے کہ یہ زبان کبھی محبت، کبھی عبادت اور کبھی انقلاب کی زبان بن جاتی ہے۔ یہ زبان بھائی چارہ، اخوت کی زبان ہے اس کو فروغ دینے میں سبھی فرقہ کے لوگوں نے اپنا تعاون دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو بہت ہی شیریں اور میٹھی زبان ہے۔ اس زبان سے محبت و اخوت اور بھائی چارے کا پیغام ملتا ہے۔یہ کسی فرقے اور دھرم کی زبان نہیں ہے۔اردوساجھی سنسکرتی اور مشترکہ تہذیب کی علامت ہے۔یہ زبان تہذیب اور سلیقہ سکھاتی ہے۔ یہ اتنی اچھی اور پیاری زبان ہے کہ جس بولنے والوں کے منہ سے لگتا ہے کہ الفاظ نہیں بلکہ پھول جھڑ رہے ہوں۔اس زبان کو فروغ اور بڑھاوا دینے میں ہم سب کو مل کر کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ اردو پڑھیں اور لوگوں کو بھی اس جانب رغبت دلائیں۔ جناب دیواکر نے اپنی خوبصورت او رمترنم آواز میں ایک غزل پیش کرکے سامعین کو مسحور کردیا او رخوب داد تحسین وصول کئے۔ اس موقع پر حکم (جج) کی حیثیت سے شریک مولانا مظہر الحق عربی فارسی یونیورسٹی کے سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر توقیر عالم ، پروفیسر صدر امام قادری، معروف ادیب، کالج آف کامرس، سائنس و آرٹس ،پٹنہ اور ڈاکٹر افشاں بانو ،اسسٹنٹ پروفیسر ، پٹنہ یونیورسٹی، پٹنہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر اقلیتی فلاح پٹنہ نرنجن کمار بھی موجود تھے۔ اردو داں طلبا حوصلہ افزائی مسابقہ میں جن بچوں نے اپنے زمرے میں اول ، دوم اور سوم مقام حاصل کیا ان میں میٹرک زمرہ سے اول ۔آفرین فاطمہ ،مدرسہ سلمانیہ، پٹنہ سیٹی، دوئم ۔عماد انصاری ،محمد ظفر شاکر، محمد ارمان (سبھی مسلم ہائی اسکول، پٹنہ ) سوئم ۔محمد معصوم،الحرا ٹیوٹوریلس، شریف کالونی، پٹنہ، ترانہ پروین ، شائستہ جبیں ،گورنمنٹ ہائی اسکول، پھلواری شریف، پٹنہ انٹر زمرہ میں اول۔تمکنت یوسف، مسلم ہائی اسکول، پٹنہ، دوم، نازیہ عظمت،مسلم ہائی اسکول، پٹنہ محمد شہباز، مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ، پٹنہ زویا فاطمہ، ایوب گرلس ہائی اسکول، پٹنہ، سوم۔اقصیٰ زماں، مسلم ہائی اسکول، زحنت جاوید مسلم ہائی اسکول، محمد ثاقب مدرسہ شمس الہدیٰ ،پٹنہ، خوشی نساء مدرسہ سلیمانیہ ، پٹنہ سیٹی شامل ہیں جب کہ گریجویشن زمرہ میں اول۔ محمد آصف علی اے این کالج، پٹنہ ،دوم۔ فارحہ سلام ،مگدھ مہیلا کالج، پٹنہ، محمد قمر انیس ،پٹنہ کالج ، پٹنہ ، ناہید پروین، کالج آف کامرس، پٹنہ، سوم۔ فیروز ،مدرسہ شمس الہدیٰ ، پٹنہ ،علیشہ عرفان ،اورینٹل کالج، پٹنہ ،آصف علی ، پٹنہ کالج، محمد سلام ،پٹنہ کالج شامل ہیں۔کامیاب طلبا وطالبات کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی تمام کامیاب طلبا و طالبات کو توصیفی سند اور میڈل بھی دیا گیا۔تشکراتی کلمات محمد شہباز احمد، ترجمہ افسر بشمول انچارج افسر، ضلع اردو زبان سیل، پٹنہ نے پیش کئے۔ تقریب کی نظامت نور السلام ، اردو مترجم،بلاک آفس اتھمل گولہ(مامو ربہار سنی وقف بورڈ،پٹنہ)پٹنہ نے بحسن و خوبی انجام دی۔ تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں طاہر رضا، منظور احمد، آرزو خانم، آصف انصاری وغیرہ نے سرگرم کردار ادا کیا۔