سری نگر کے سنڈے مارکیٹ میں دھماکے سے 10 افراد زخمی 

تاثیر  03  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سرینگر، 03 نومبر: سری نگر کے سنڈے مارکیٹ میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم دس افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز سنی گئی اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ٹی آر سی کراسنگ پر کچھ دھماکے کی آواز سنی گئی، جس سے کئی شہری زخمی ہوئے۔ ایس ایم ایچ ایس کے اسپتال کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ دس زخمیوں کو وہاں لایا گیا ہے اور تمام کی حالت مستحکم ہے۔ زخمیوں کی شناخت نوگام کے محمد امین تانترے کی 17 سالہ بیٹی مصباح، 17 سالہ اذان کالو ولد جاوید احمد کالو ساکن نورباغ، 50 سالہ حبیب اللہ راتھر ولد عبدالجبار ساکنہ کلوسہ بانڈی پورہ، 21 سالہ الطاف احمد ولد عبدالجبار کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ امشی پورہ شوپیاں کے عبدالرشید، خانیار کے فیاض احمد بیگ کا بیٹا 16 سالہ فضل احمد، پٹن کے فاروق احمد بھٹ کا بیٹا عمر فاروق، پامپور کے مشتاق احمد صوفی کا 20 سالہ بیٹا فیضان مشتاق، 19 سالہ زاہد چیک پورہ کلاں نوگام کے گلزار احمد وانی کا بیٹا، 55 سالہ غلام محمد صوفی، چھتہ بل کے غلام احمد کا بیٹا اور نائیڈکھائی سمبل کے زبیر احمد لون کی بیوی 45 سالہ سمایا جان زخمیوں میں شامل ہیں۔واضح رہے سرینگر کے سنڈے مارکیٹ میں اتوار کو بہت زیادہ رش ہوتا ہے کیونکہ بڑی تعداد میں لوگ موسم سرما کی خریداری کے لیے بازار آتے ہیں۔ دریں اثنا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کر دی ہے جب کہ تفتیش جاری ہے۔