تاثیر 23 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 23 دسمبر:حکومت ہند کے مشن ریکروٹمنٹ پروگرام کے تحت فرنٹیئر ہیڈکوارٹر بی ایس ایف جموں میں روزگار میلہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بی ایس ایف، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، محکمہ ڈاک اور محکمہ مالیاتی خدمات کے منتخب امیدواروں میں تقرری نامے تقسیم کیے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی بی ایل ورما، مرکزی وزیر مملکت برائے وزارت صارف امور، خوراک و عوامی تقسیم اور وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات تھے۔روزگار میلہ اسکیم حکومت کی بے روزگاری کے خاتمے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
تقریب کے آغاز پر وزیر اعظم نے اس میلے کا ورچوئل آغاز کیا اور شرکاء سے خطاب کیا۔بی ایس ایف جموں فرنٹیئر ہیڈکوارٹر کے آفیشیٹنگ انسپکٹر جنرل نے مہمان خصوصی بی ایل ورما کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے نئے منتخب امیدواروں کو تقرری کے خطوط پیش کیے۔اس تقریب میں شری جگل کشور شرما ممبر پارلیمنٹ، بی ایس ایف کے سینئر افسران، نئے منتخب امیدواروں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ منتخب امیدواروں کے والدین نے حکومت کی بے روزگاری کم کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کی تعریف کی کہ مختلف مرکزی اور ریاستی محکموں میں بھرتیاں شفاف طریقے سے کی جا رہی ہیں۔