تاثیر 16 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
مظفر پور(نزہت جہاں)
تمام سیاسی جماعتوں نے بہار اسمبلی انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اب تمام پارٹیوں کے بڑے بڑے لیڈر اپنے جلسوں میں وعدوں پر مشتمل تقریروں کے ذریعے عوام کے دل جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مظفر پور پہنچنے پر راشٹریہ جنتا دل لیڈر لالو پرساد یادو کے قریبی سابق ممبر اسمبلی ابو دوجانہ نے کہا کہ 2025 کے انتخابات میں آر جے ڈی کی حکومت بنے گی اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو بہار کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ 2020 کے انتخابات میں عوام نے بھرپور ساتھ دیا تھا لیکن این ڈی اے نے پچھلے دروازے سے حکومت بنائی، لیکن 2025 کے انتخابات میں این ڈی اے کے ارادے خاک میں مل جائیں گے، ابو دوجانہ نے کہا کہ ہمارے لیڈر جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، انہوں نے 17 ماہ کی مخلوط حکومت کے دوران سب سے زیادہ لوگوں کو نوکریاں دی ۔ انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے وعدہ کیا ہے کہ اگر بہار میں آر جے ڈی مخلوط حکومت بنتی ہے تو وہ مائی بہین مان یوجنا نافذ کریں گے اور خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے دیں گے۔ 2500 روپے براہ راست ان کے اکاؤنٹ میں جائیں گے۔ حکومت بنتے ہی ایک ماہ بعد اس اسکیم کی شروعات ہو جائے گی ۔ سابق ممبر اسمبلی ابو دوجانہ نے کہا کہ بہار کے لوگ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ لیکن بہار حکومت کی آنکھیں بند ہیں، بہار کے عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔