سیڈ کوچنگ سنٹر کے زیر اہتمام تقسیم اسناد تقریب کا انعقاد

تاثیر  15  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ15 دسمبر، (پریس ریلیز)سیڈ کوچنگ سنٹر کے زیر اہتمام تقسیم اسناد تقریب کا انعقاد اتوار کو کیاگیا جس میں ڈی سی اے، اے ڈی سی اے، انگریزی، میتھ اور ریزننگ کے قلیل مدتی کورسز میں فارغ ہوئے 184طلباء و طالبات کو مبارک باد پیش کی گئی اور انہیں مستقبل میں کامیابی کے لیے دعائوں سے نوازا گیا۔ ان کے درمیان مہمانان کے ہاتھوں اسناد تقسیم کی گئی۔اس موقع پر تقریب کی صدارت اردو کونسل ہند کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر اسلم جاوداں نے کی اور مہمان خصوصی کے طور پر گورنمنٹ اردو لائبریری کے چیئرمین ارشد فیروز تقریب میں شریک ہوئے۔ مہمانان اعزازی کے طور پر سیڈ کوچنگ سنٹر کی تقسیم اسناد تقریب میں ’ہم سیکولر‘اقلیتی سیل کے صدر شکیل ہاشمی،ڈاکٹر ظفر سلطان، ابراراحمد، قاری حسنین اور عتیق الرحمن شریک ہوئے۔ تمام مہمانوں نے سیڈ کوچنگ سنٹر کے فارغین طلبا و طالبات کو دعائوں سے نوازا اور انہیں اپنا تعلیمی سفر آئندہ بھی جاری رکھنے اور ملازمت و روزگار سے منسلک ہونے کے بعدہمیشہ اخلاقیات کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر سبھی مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے سیڈ کوچنگ سنٹر کی کارکردگیوں و سرگرمیوں کی بھرپور تعریف کی اور اس کے لیے سیڈ کوچنگ سنٹر کے نگراں اور آکسفیم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر یعقوب اشرفی کو مبارک باد پیش کی۔ اپنی صدارتی تقریر میں ڈاکٹر اسلم جاوداں نے کہا کہ سیڈ کوچنگ سنٹر ایک عمدہ اور معیاری تعلیمی ادارہ ہے، جہاں بچوں کو انگریزی اور کمپیوٹر سمیت کئی کورسز کی مفت تعلیم دی جاتی ہے۔موجودہ دور میں تعلیم سب سے ضروری چیز ہے اور اسے پہلی ترجیح بنانے کی یعقوب اشرفی کی مہم قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو فراغت کے بعد اپنے اخلاق اور بہتر طور طریقوں سے ایک مہذب اور بااخلاق معاشرہ کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کرنا چاہیے۔مہمان خصوصی ارشد فیروز نے کہا کہ سیڈ کوچنگ سنٹر کافی سرگرم اور فعال تعلیمی ادارہ ہے جہاں ڈاکٹر یعقوب اشرفی بہت ایمانداری کے ساتھ بچے اور بچیوں کو انگریزی سکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو ہماری مادری زبان ہے، ہندی سرکاری زبان ہے اور انگریزی زبان ہمیں متاثر کرتی ہے اس لیے انگریزی تعلیم بھی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے تعلیم نسواں کو فروغ دینے پر خاص زور دیا اور کہا کہ سماج میں جس طرح لڑکیوں پر بہت ساری پابندیاں عائد کی جاتی ہیں،ا سی طرح لڑکوں پر بھی پابندیاں ہونی چاہئیں اور لڑکے ہوں یا لڑکیاں دونوں کو برابری کا درجہ ملنا چاہیے تاکہ دونوں مل جل کر سماج کو مزید بہتر بناسکیں۔قاری حسنین نے یعقوب اشرفی کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی اور انہیں ایک تعلیمی محرک قرار دیا۔ ابرار احمد نے اپنے دو خوبصورت اشعار پیش کرکے فارغین طلبا و طالبات کو نصیحت کی کہ وہ وقت کی قدر کریں اور زندگی میں کامیابی کے لیے حوصلہ بلند رکھیں۔ مشکلات اور مسائل سے کبھی نہ گھبرائیں بلکہ پوری جرأت مندی کے ساتھ مقابلہ کریں۔ڈاکٹر ظفرسلطان نے کہا کہ سیڈ کوچنگ سنٹر کی خدمات اور تعلیمی سرگرمیاں نمونۂ عمل ہے جہاں سے فارغ ہونے والے طلبا و طالبات زندگی کے مختلف میدان میں اپنا اور اپنے پورے خاندان و علاقے کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر یعقوب اشرفی پورے جوش و خروش کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا زبردست اور غیر معمولی مظاہرہ کر رہے ہیں جو قابل قدر ہے۔
شکیل ہاشمی اور عتیق الرحمن شعبان نے بھی سیڈ کوچنگ سنٹر کے فارغین طلبا و طالبات کو دعائوں سے نوازا اور زندگی میں ہر قدم پر ان کی کامیابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی ساتھ بہترین حصولیابی پر ادارہ کے نگراں اور آکسفیم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر یعقوب اشرفی کو مبارک باد پیش کی۔ بیچ نمبر4کے جن184فارغین طلبا و طالبات کے درمیان اسناد تقسیم کی گئی ان میں آج کی تقریب میں مہمانان کے ہاتھوں جنہیں اسناد سے نوازا گیا،ان میں انشا رضوی، پوجا کماری، کشش پروین، ثانیہ تبسم، عائشہ فردوس، آفرین پروین، عروج،ثانیہ صلاح الدین، شاذیہ شمیم،شائستہ شمیم، یسریٰ معید، ریشما پروین، عریبہ پروین، شبانہ عاظمی، محمد مشرف، آرین کمار، مسرت پروین، پرویز عالم، علقمہ اشرفی کے نام شامل ہیں۔