تاثیر 24 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام کے شہری اور دیہی علاقوں میں پی ایم سوریہ گھر یوجنا کے تحت ساڑھے چار ہزار گھروں کو روشن کیا جائیگا ۔ اس سے ایک طرف بجلی بلوں کی ادائیگی میں ریلیف ملیگا تو دوسری طرف صارفین کو بجلی کی کھپت سے زائد پیداوار کی مد میں اضافی رقم ملیگی ۔ پہلے مرحلے میں سہسرام دیہی اور شہری علاقوں کے نو پاور سب اسٹیشنوں میں فی سٹیشن پانچ سو صارفین مستفید ہو رہے ہیں ۔ سوریہ گھر یوجنا کے تحت حکومت شمسی توانائی کی تنصیب کی لاگت پر 80 فیصد سبسڈی فراہم کریگی ۔ اس متعلق اسسٹنٹ الیکٹریکل انجینئر، سہسرامرورل اینڈ اربن ایریا اجول کمار نے بتایا کہ فی الحال صرف گھریلو صارفین کو پی ایم سوریہ گھر یوجنا سے فائدہ ملیگا، فی الحال انہیں ملنے والی کلو واٹ صلاحیت کی سولر پلیٹوں کی تعداد واٹس کی تعداد کے برابر ہوگی، انکو بجلی کا کنکشن ملیگا جس سے یہ معلوم ہو جائیگا کہ کتنی بجلی استعمال ہوئی اور پیدا ہوئی، اگر زیادہ پیداوار ہو گی تو خود بخود گرڈ کو بجلی فراہم کر دی جائیگی جسکی ادائیگی محکمہ کریگا ۔ اس اسکیم سے سہس نگر علاقہ کے بڈا، تکیہ، مداردروازہ، شیو ساگر چناری، نوکھا، دیہی علاقوں کے سہسرام رورل اور کوچس علاقہ میں واقع پاور سب اسٹیشنوں کے ساڑھے چار ہزار صارفین کو فائدہ ہوگا ۔ پہلے مرحلے میں فی سب اسٹیشن پانچ سو صارفین مستفید ہو رہے ہیں ۔ اس کیلئے پی ایم سوریہ گھر یوجنا کے قومی پورٹل پر آن لائن درخواست دینا ہوگی ۔ ایک، دو، تین اور پانچ کیلو واٹ کے سولر پینلز پر 30 ہزار روپئے سے لیکر 1 لاکھ 2 ہزار روپئے تک کی سبسڈی ملیگی، تاہم سولر پینل لگاتے وقت پوری رقم صارف کو ادا کرنی ہوگی جسکے بعد سبسڈی کی رقم صارف کے اکاؤنٹ میں بھیج دی جائیگی ۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ فنڈز کی کمی سولر پینل لگانے کی راہ میں حائل نہ ہو، صارفین شہری علاقوں میں چار سال اور آٹھ سال کیلئے کسی بھی بینک سے سات فیصد کی شرح سود پر دو لاکھ روپئے تک کا قرض بھی لے سکینگے ۔ ایک کیلو واٹ پر 30 ہزار روپئے اور اس سے اوپر 18 ہزار روپئے فی کیلو واٹ پر سبسڈی ہوگی ۔ سوریہ گھر پاور پلانٹ کیلئے فی کیلو واٹ 100 مربع فٹ رقبہ درکار ہوگا اور سولر پینل 25 سال تک کام کر سکیگا ۔