ایک ہی ڈرائیونگ لائسنس متعدد بار جاری، ڈی ایم کی ہدایت پر نقلی لائسنس بنانے پر ٹرانسپورٹ افسر سمیت 4 کے خلاف مقدمہ درج

تاثیر  18  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

 دربھنگہ(فضا امام) 18 جنوری:-ڈی ایم راجیو روشن کے حکم پر دربھنگہ میں فرضی لائسنس جاری کرنے کے الزام میں چار ملازمین کے خلاف لہریاسرائے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان ملازمین میں اس وقت کے ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر ششی شیکھرام، انچارج کلرک کمار گورو، کمپیوٹر پروگرامر ویرات پرتاپ، اور کمپیوٹر ڈیٹا انٹری آپریٹر روپیش کمار شامل ہیں۔الزام ہے کہ سال 2024 میں اسی موبائل نمبر سے جعلی لائسنس جاری ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ دربھنگہ سول کورٹ کے ایڈوکیٹ راشد خان نے اس معاملے کو لے کر ضلع مجسٹریٹ کو درخواست دی تھی۔ ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر جب جانچ کی گئی تو معاملہ سچ نکلا۔اس معاملے میں درجنوں درخواست گزاروں نے لائسنس بنوانے کے لیے درخواست دی تھی، جس میں ٹرانسپورٹ آفس کے ملازمین اور اہلکاروں نے مل کر ایک ہی موبائل نمبر سے فرضی لائسنس جاری کیے تھے، اس سلسلے میں دربھنگہ کورٹ کے ایڈوکیٹ راشد خان نے 2024 میں ہی عوامی شکایت درج کرائی تھی۔ جس کے بعد معاملہ ڈی ایم کے پاس گیا اور جانچ میں پتہ چلا کہ ہریانہ سے جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس پہلے دربھنگہ کے ایک مسلم نوجوان کے نام پر جاری کیا گیا تھا۔اسی لائسنس نمبر والے دوسرے لوگوں کو بھی لائسنس جاری کیے گئے۔ ڈی ایم کو اس وقت کے ڈی ٹی او کے دیگر ریاستوں میں ڈرائیونگ لائسنس بیچنے کے معاملے میں سچائی ملی۔ اس کے بعد موجودہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر کو ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ڈی ایم کے حکم کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر سنیہا اگروال کی درخواست پر اس وقت کے ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر ششی شیکھرام، کلرک انچارج کمار گورو، کمپیوٹر پروگرامر اور ڈیٹا انٹری آپریٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ تھانہ انچارج دیپک کمار نے بتایا کہ معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی۔