تاثیر 08 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) بہار کے روہتاس ضلع دیوریا گاؤں میں سولہ سال قبل ایک نوجوان لاپتہ ہو گیا تھا، چچا کے ساتھ چار افراد پر اغوا اور قتل کا الزام ہے، وہ سبھی جیل بھی گئے تھے ادھر کچھ دنوں میں عدالت سے انہیں سزا سنائی جانی تھی لیکن سولہ سال بعد اس کیس میں ایک نیا موڑ آ گیا جس نے بہار اور اتر پردیش میں ہلچل مچا دی ہے ۔ اتر پردیش کے جھانسی میں اغوا قتل ہوا نوجوان زندہ ملا ہے ۔ اطلاع ملنے پر مذکورہ بے قصور شخص بھی بہار پولس کے ساتھ وہاں گیا، جب بہار پولس مذکورہ نوجوان کو لیکر آئی تو مذکورہ معاملے کی نئی تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ روہتاس ضلع دیوریا گاؤں کے رام چندر پال کا بیٹا 50 سالہ نتھونی پال جو کھیتی کرتا تھا، اپنے والد اور والدہ کی موت اور چار سال اپننی شادی کے بعد اسے اولاد نہیں ہوئی، اسکی بیوی نتھونی پال کو اکیلا چھوڑ کر کسی اور کے ساتھ رہنے لگی، اپنے چچا رتی پال سے زمین کو لیکر تنازعہ چل رہا تھا، 2008 میں ایک دن اچانک نتھونی پال لاپتہ ہو گیا، اسکی کافی تلاش کی گئی، لیکن کوئی سراغ نہیں ملا، اس لئے اورنگ آباد کے رہنے والے نتھونی کے ماموں بابولال نے اکوڑھی گولہ تھانہ میں نتھونی کے اغوا قتل اور لاش کو غائب کرنے کا مقدمہ درج کروایا، اس کے اصلی چچا رتی پال چار بیٹے ویملیش پال، بھگوان پال، ستیندر پال اور جتیندر پال کو نامزد کیا گیا، پولس نے سب کو گرفتار کر لیا۔ لاش کو نکالنے کیلئے سات مختلف مقامات پر کھدائی کی گئی لیکن نتھونی پال کی لاش نہیں ملی، اغوا کی چارج شیٹ عدالت میں دائر کر دی گئی، کسی نے ایک سال، کسی نے گیارہ مہینے، کسی نے چھ سات مہینے جیل میں گزارے، چند دنوں میں فیصلہ ہونا تھا اور ملزمان کو سزا بھی ہو سکتی تھی، تمام ملزمان اپنے آپ کو بے قصور بتا رہے تھے کہ اچانک 6 جنوری 2025 کو جھانسی کے باروساگر پولس اسٹیشن کے سربراہ شیوجیت سنگھ راجاوت نے گشت کے دوران دھورا بھرول گاؤں میں ایک مشکوک شخص کو دیکھا، گاؤں کے لوگوں سے پوچھ گچھ کی گئی تو پتہ چلا کہ چھ ماہ سے دھرم داس اہیروار کے گھر رہ رہا تھا، پولس نے مشتبہ شخص کا نام پوچھا تو اس نے اپنا نام نتھونی پال بتایا جو کہ بہار روہتاس ضلع کے اکوڑھی گولہ تھانہ علاقہ کے دیوریا گاؤں کا رہنے والا رام چندر کا بیٹا ہے، پولس اسٹیشن کے سربراہ نے اکوڑھی گولہ پولس اسٹیشن کو آن لائن اطلاع دی، سمجھا گیا کہ کوئی جھوٹ بول رہا ہے، جب وہاں سے نتھونی پال کی تصویر آئی تو لوگوں نے کہا کہ یہ نتھونی پال ہے ۔ سبھی ملزم بہار پولس کے ساتھ جھانسی بھی پہنچ گئے، نتھونی کو بہار پولس کے حوالے کر دیا گیا ہے لیکن اب نتھونی پال کی بازیابی پر پولس عدالت میں درخواست دے کر کیس کو دوبارہ کھولیگی، نتھونی پال کا عدالت میں بیان ہوگا مگر اس معاملے میں مدعی یعنی نتھونی کے ماموں کا انتقال بھی ہو چکا ہے ۔