تاثیر 03 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بیت المقدس،03جنوری:اسرائیل اور حوثی ملیشیا کے درمیان کشیدگی اور متبادل دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔تازہ ترین پیش رفت میں یمن سے ایک بیلسٹک میزائل بیت المقدس کی سمت داغا گیا۔العربیہ نیوز کے نمائندے نے آج جمعے کے روز بتایا کہ اس میزائل کو فضا میں روکنے کی کوشش کے نتیجے میں بیت المقدس کے اطراف زور دار دھماکے سنے گئے۔کئی ماہ سے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا یہ باور کرا رہی ہے کہ وہ اسرائیل کی دھمکیوں کے باوجود اس کے راستے میں آڑ کے طور پر ڈٹی ہوئی تا کہ غزہ کی پٹی پر مسلط جنگ روکی جا سکے۔حوثیوں نے گذشتہ برس اسرائیل کی سمت میزائل داغے اور دھماکا خیز ڈرون طیارے بھیجے۔ تاہم ان کے نتیجے میں اکثر کوئی بڑا نقصان نہ ہوا۔اس کے جواب میں اسرائیل یمن میں کئی ٹھکانوں پر بم باری کرتا رہا جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ حوثیوں کے گودام ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی زبانی کئی بار حوثی ملیشیا کے خلاف آئندہ اقدامات کے حوالے سے دھمکیاں سامنے آتی رہی ہیں۔ نتین یاہو کے مطابق یہ یمنی ملیشیا ایران کے محور میں اب واحد ونگ رہ گیا ہے جس نے ابھی تک اسرائیلی طاقت کو نہیں آزمایا ہے۔