تاثیر 17 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) بہار حکومت کی ہدایت پر محکمہ بجلی روہتاس ضلع کے کئی علاقوں میں اسمارٹ میٹر لگا رہا ہے لیکن بجلی صارفین کی جانب سے اسکی مخالفت کی جارہی ہے اور احتجاج کی وجہ یہ ہے کہ اسمارٹ میٹروں کی بلنگ عام میٹروں سے بہت زیادہ بتائی جا رہی ہے، اسمارٹ میٹر لگانے کو لیکر روہتاس ضلع کے کئی دیہی علاقوں میں کئی مقامات پر بجلی محکمہ کے ملازمین اور عام صارف کے درمیان شدید جھڑپوں کی خبریں ملتی جا رہی ہیں، گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اسمارٹ میٹر پہلے سرکاری دفاتر میں اور پھر پرائیویٹ گھروں میں لگائے جائیں ۔ اس تناظر میں جب تین ماہ قبل ضلع کلکٹر ادیتا سنگھ سے صحافیوں نے سرکاری دفاتر میں اسمارٹ میٹر لگانے کے بارے میں پوچھا تھا تو انہوں نے بتایا تھا کہ بلاکس اور پنچایتوں میں بھی سرکاری دفاتر ہیں، وہاں بھی اسمارٹ میٹر لگائے جائینگے لیکن ابھی تک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس سمت کوئی بامعنی اقدام نہیں کیا گیا ہے، مزے کی بات یہ ہے کہ ابتک اس جگہ پر اسمارٹ میٹر لگائے ہی نہیں گئے جہاں ضلعی انتظامیہ کے تمام اعلیٰ افسران بیٹھتے ہیں اس دفتر کی بھی صورتحال یہی ہے، تو پھر ضلع انتظامیہ کسی عام صارف کو اسمارٹ میٹر لگانے کا مشورہ یا دباؤ کیسے دے سکتی ہے، ایسے میں کہا جا سکتا ہے کہ عام اور سمارٹ میٹروں کی بلنگ میں یقیناً بہت فرق ہے جسکی عوام کی جانب سے مخالفت کی جا رہی ہے ۔