وزیر خزانہ نے ٹریڈ یونینوں کے نمائندوں سے قبل از بجٹ بات چیت کی

تاثیر  06  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 06 جنوری : مرکزی خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن نے پیر کو نئی دہلی میں اسٹیک ہولڈرز اور ٹریڈ یونینوں کے نمائندوں کے ساتھ آٹھویں پری بجٹ مشاورتی میٹنگ کی۔ سیتا رمن کی صدارت میں منعقدہ یہ میٹنگ مرکزی بجٹ 2025-26 کی تیاری کے سلسلے میں منعقد ہوئی۔
پری بجٹ مشاورتی اجلاس کا بنیادی مقصد آئندہ مرکزی بجٹ کے حوالے سے ٹریڈ یونینوں کے نقطہ نظر کو سمجھنا تھا۔ اسٹیک ہولڈرز اور ٹریڈ یونینوں کے نمائندوں کے ساتھ یہ بات چیت حکومت کی بجٹ سے پہلے کی سالانہ روایت کا حصہ ہے، جس کا مقصد پالیسیوں کی تشکیل اور وسائل کو مؤثر طریقے سے مختص کرنے کے لیے متنوع شعبوں سے معلومات اکٹھا کرنا ہے۔ میٹنگ میں مرکزی وزیر مملکت برائے فینانس پنکج چودھری کے ساتھ سینئر عہدیداروں بشمول فائنانس سکریٹری، محکمہ اقتصادی امور اور محکمہ سرمایہ کاری اور عوامی اثاثہ جات (ڈی آئی پی اے ایم) کے سکریٹری اور وزارت محنت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ حکومت ہند کے چیف اکنامک ایڈوائزر بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔