صدرجمہوریہ سمیت بڑی شخصیات نے ووٹ ڈالا 

تاثیر 05  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 5 فروری : دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے بدھ کی صبح سے ہی ووٹنگ جاری ہے۔ صبح 11 بجے تک دہلی میں 19.5 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ قومی دارالحکومت میں مقیم اہم شخصیات نے بھی ووٹ ڈالا۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے صدر اسٹیٹ میں واقع ڈاکٹر راجندر پرساد کیندریہ ودیالیہ میں قائم مرکز میں اپنا ووٹ ڈالا۔ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے نارتھ ایونیو پولنگ بوتھ پر لائن میں کھڑے ہوکر اپنا ووٹ ڈالا۔
ووٹنگ کے بعد نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ ووٹنگ جمہوریت کے لیے آکسیجن کی طرح ہے۔ یہ ہماری جمہوریت کا ستون بھی ہے۔ یہ تمام حقوق کی ماں ہے اور اس سے بڑا کوئی حق نہیں ہے۔ ہر شخص کو اپنی سمجھ، آزادی اور قومی مفادات کو مدنظر رکھ کر ووٹ دینا چاہیے۔
چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے بھی نرمان بھون میں واقع مرکز میں اپنا ووٹ ڈالا۔ منی پور کے گورنر اور سابق ہوم سکریٹری اجے کمار بھلا نے اپنی اہلیہ کے ساتھ نرمان بھون میں واقع پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالا۔
کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی نے اپنے شوہر رابرٹ واڈرا اور بیٹے کے ساتھ اٹل آدرش ودیالیہ، لودھی اسٹیٹ میں اپنا ووٹ ڈالا۔ پولنگ بوتھ سے نکلنے کے بعد پرینکا گاندھی نے کہا کہ لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ یہ ان کا سب سے بڑا حق ہے۔ دہلی کے لوگ بہت پرجوش ہیں۔ وہ پانی، آلودگی اور سڑکوں کے مسائل اٹھا رہے ہیں۔ اگر وہ اس کا حل چاہتے ہیں تو اسے ووٹ دیں۔