ڈیوائن پبلک اسکول ارریہ میں16ویں اکیڈمی ڈے تقریب

تاثیر 22  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بچوں کا کلچرل پروگرام، کوئز ودیگر مقابلے کے فاتحین انعامات سے سرفراز۔
ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) تعلیمی و تربیتی ادارہ ڈیوائن پبلک اسکول سر سید کالونی اسلام نگر وارڈ نمبر 27 ارریہ نے اپنا 16ویں اکیڈمی ڈے تقریب پورے جوش وخروش کے ساتھ منایا، جس میں یہاں کے طلبہ اور طالبات نے ایک سے بڑھ کر ایک کلچرل پروگرام پیش کر کے سامعین اور ناظرین کو بے حد خوش کیا۔ اس سے قبل اس 16ویں اکیڈمی ڈے تقریب کا بابرکت آغاز اسکول کے طالب علم امداد اللہ درجہ دوئم کی تلاوت قران سے ہوا جبکہ غوثیہ پروین درجہ پنجم نے نعتوں کا گلدستہ پیش کیا اور عبدالباری درجہ پنجم نے بھی تقریر کر کے سامعین اور ناظرین کو بے حد متاثر کیا۔اس کے علاوہ دیگر طلبہ اور طالبات نے اپنے ثقافتی پروگرام پیش کر کے خوب خوب داد تحسین حاصل کیں۔ ثقافتی پروگرام میں جن بچوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہیں اسکول منتظمین کی جانب سے انعامات دیئے گئے، جن بچوں نے انعامات حاصل کیا، ان میں عالیہ درجہ پنجم مائرہ امروز درجہ دوئم بشری پروین درجہ اول وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تقسیم انعامات کے تحت خارجی سرگرمیوں میں سے لمبی کود، اونچی کود، میتھ ریس، چیئر ریس اور کوئز مقابلے میں جن بچوں نے انعامات حاصل کیا، ان میں کامران درجہ دوئم، تابش درجہ اول، دل نواز درجہ اول، ایان، بشری درجہ اول، عائشہ درجہ اول، نادر حسین اور منظر عالم کے نام قابل ذکر ہیں۔اس موقع پر اس تقریب کے مہمان خصوصی اور وارڈ کونسلر عابد انصاری نے اپنے تأثرات میں کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی دولت علم ہے علم سے زیادہ قیمتی نہ ہیرے ہو سکتے ہیں نہ جواہر ہو سکتے ہیں کیونکہ ہیرے جواہرات کے لٹنے کا اور ختم ہونے کا اندیشہ رہتا ہے مگر علم ایک ایسی دولت اور زیور ہے جو نہ ختم ہوگی اور نہ کبھی یہ لٹے گی جبکہ مہمان اعزازی مولانا مشتاق احمد صدیقی وائس پرنسپل اکیڈمی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ جو بھی دانش گاہ ہو، وہاں کے ٹیچرز اور معلمین قوم و ملت کے نہالوں پر جو محنت کرتے ہیں اور جس طرح انہیں علم کے زیور سے آراستہ وہ پیراستہ کرتےہیں اور بچوں کو سنوارنے سجانے اور علم کی دولت سے مالا مال کرنے کے لیے جو پسینہ بہاتے ہیں ان کا کوئی بدل نہیں ہے اور نہ ہی اساتذہ کی خدمات کاصلہ کوئی بھی دے سکتا ہے۔ اس لئے میں تمام گارجن حضرات اور تمام طلبہ اور طالبات سے گزارش کرنا چاہوں گا کہ اپنے اساتذہ کرام کا خوب احترام کریں اور ان کی قدر و منزلت کو ملحوظ نگاہ رکھیں! کیونکہ اساتذہ ایسے سنگ تراش ہوتے ہیں جس کی محنت کا کوئی بھی انسان بدلہ نہیں دے سکتا ہے یہ وہ وہ کام کرتے ہیں جس کو ایک شاعر نے یوں بیان کیا ہے ایک پتھر کی بھی تقدیر سنور سکتی ہے شرط یہ ہے کہ قرینے سے تراشا جائے! اور اس سے قبل ڈیوائن پبلک اسکول کے ڈائریکٹر محمد اکرام عالم نے تمام مہمانان، گارجین اور دیگر سامعین کا شاندار استقبال کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور اپنے اساتذۂ کرام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی محنتوں اور ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی قربانی کو قابل تحسین اور لائق ستائش بتایااور آخر میں آپ نے تمام گارجین حضرات اور تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ رمضان تک ہمارے اسکول میں بغیر ایڈمیشن فیس کے داخلے کا کام ہوگا اس لئے خواہش مند حضرات اپنے بچوں کو ڈیوائن پبلک اسکول میں دے کر ہمیں علمی خدمت کا بھرپور موقع فراہم کریں!