آتشی نے امبیڈکر جینتی پر بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا

تاثیر 14  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 اپریل:دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے پیر کو گووند پوری میں منعقد امبیڈکر جینتی پروگرام میں بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ کو دلی خراج عقیدت پیش کرتی ہیں جنہوں نے آئین کے ذریعے کروڑوں ہندوستانیوں کو عزت نفس، حقوق اور انصاف فراہم کیا۔
آتشی نے کہا کہ بابا صاحب نے آئین کے ذریعے ملک کے ہر طبقے کو عزت اور حقوق دیے۔ ان کا آئین پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بابا صاحب کا خواب تھا کہ تمام بچے اچھی تعلیم حاصل کریں اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل کریں۔ ان کے خواب کو حقیقت بنانا ہی ان کے لیے حقیقی خراج تحسین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین کی طاقت سے ہر آمریت اور جبر کا مقابلہ کر کے بابا صاحب کے اس ملک کے لیے جو خواب دیکھے تھے وہ ضرور پورا کریں گے۔