جموں سرینگر قومی شاہراہ کی بحالی کا عمل شروع

تاثیر 21  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 21 اپریل :جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے بعد پیش آئے قدرتی آفت کے سبب جموں-سرینگر قومی شاہراہ مسلسل دوسرے روز بھی بند رہی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ شاہراہ پر 20 سے زائد مقامات پر ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، اور راستہ مکمل طور پر بحال ہونے میں پانچ سے چھ دن لگ سکتے ہیں۔یہ 250 کلومیٹر طویل شاہراہ وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی واحد ہر موسم کی سڑک ہے، جو اتوار کو شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی تھی۔ اس قدرتی آفت میں تین افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 100 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ کئی رہائشی مکانات، سڑکوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔این ایچ اے آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پرشوتم کمار نے بتایا کہ سیری سے مروگ تک چار کلومیٹر کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں بعض مقامات پر ملبے کی اونچائی 20 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔