خراب موسمی حالات کی وجہ سے ڈوڈہ اور رامبن میں اسکول بند

تاثیر 21  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 21 اپریل:خطہ چناب کے ڈوڈہ اور رامبن اضلاع میں شدید گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ رامبن کے مختلف علاقوں میں پہاڑوں سے پانی کے بہاؤ اور سیلابی کیفیت کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس سے آمد و رفت میں خلل پڑا ہے۔حالات کی سنگینی کے پیشِ نظر ڈوڈہ اور رامبن کی ضلعی انتظامیہ نے پیر کے روز تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، کیونکہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے دوران بادل پھٹنے اور ندی نالوں میں طغیانی سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔مسلسل بارشوں کے سبب ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، اور ان نالوں کو عبور کرنا خاص طور پر بچوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔