غزہ میں فائر بندی کی اہمیت باور کرانے کیلئے فرانسیسی صدر مصر جائیں گے

تاثیر 4  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پیرس،04اپریل:فرانس کے صدر عمانوئل ماکروں آئندہ منگل کے روز اپنے مصر کے دورے میں العریش شہر جائیں گے، جو غزہ کی پٹی سے 50 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ ماکروں وہاں سرگرم انسانی اور سیکورٹی نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ اس کا مقصد فائر بندی کی اہمیت باور کرانا ہے۔یہ بات کل جمعرات کے روز پیرس میں ایلی زے پیلس کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی۔فرانس کے ایوان صدر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ماکروں العریش کی بندرگاہ پر فرانسی اور اقوام متحدہ کی غیر سرکاری تنظیموں کے علاوہ مصری ہلال احمر کی ٹیموں سے ملاقات کریں گے۔ امکان ہے کہ فرانس کے صدر فلسطینیوں سے بھی ملیں گے۔ایلی زے پیلس کے مطابق ماکروں سرحدی نگرانی کے لیے یورپی یونین کے مشن میں شامل فرانسیسی سیکورٹی عناصر سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس مشن کو رفح میں تعینات کیا جائے گا۔توقع ہے کہ فرانس کے صدر اتوار کی شام قاہرہ پہنچیں گے۔ اگلی صبح وہ اپنے مصری ہم منصب عبد الفتاح السیسی کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں ملاقات میں کئی وزراء￿ بھی شریک ہوں گے۔مصر کے دورے میں ماکروں کے ہمراہ فرانس کے وزیر خارجہ جان نویل بارو، مسلح افواج کے وزیر سیباستیان لیکورنو، وزیر معشیت اریک لومبر، وزیر صحت کیتھرین ووٹران، وزیر تحقیق فلپ بیٹسٹ اور وزیر ٹرانسپورٹ فلپ تابارو بھی ہوں گے۔