وزیر اعلی اسٹالن نے پمبن پل کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کی

تاثیر 6  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

چنئی، 6 اپریل : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج تمل ناڈو کے رامیشورم میں تعمیر کیے گئے ہندوستان کے پہلے ورٹیکل سمندری پل (نیا پمبن برج) کا افتتاح کیا۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے وزیر اعظم کے اس پروگرام میں شرکت نہیں کی۔ تمل ناڈو کی حکمراں جماعت ڈی ایم کے نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ آج دراوڑ منیترا کزگم کے صدر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے اڈاہا میں منعقدہ نیلگیرس ڈسٹرکٹ پارٹی ایگزیکٹو کے ساتھ ایک ‘میٹنگ’ میں شرکت کی اور 2026 کے اسمبلی انتخابات کے لیے رہنما خطوط سے آگاہ کیا۔ اسکے علاوہ وزیر اعلیٰ اسٹالن نے اوٹی میں نیل گیری پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔
قابل ذکر ہے کہ سرکاری ذرائع کے مطابق نیا پمبن پل 110 سال پرانے پمبن پل کی جگہ لے گا۔ نیا پمبن پل ہندوستان کی جدید انجینئرنگ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس میں ورثے کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ملایا گیا ہے۔ یہاں پر بنایا گیا پرانا پل 2022 میں بند کر دیا گیا تھا۔ ریل وکاس نگم لمیٹڈ نے 550 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے نئے پل کی تعمیر کی ہے۔ جدید ترین ٹکنالوجی کے ساتھ بنایا گیا یہ پل 72.5 میٹر کا ورٹیکل لفٹ اسپین ہے جو 17 میٹر تک بڑھ سکتا ہے۔