تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ریاض،13مئی:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرسی صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی سرکاری دورے میں آج سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض پہنچے۔ اس موقع پر مملکت کی فضائی حدود میں داخل ہونے پر امریکی صدارتی طیارے کو سعودی فضائیہ کے ایف 15 لڑاکا طیاروں نے فضائی سلامی دی اور ایئر فورس ون کو اپنے حفاظتی حصار میں شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے تک لے کر آئے۔وہائٹ ہاؤس کے نائب چیف آف اسٹاف، ڈین اسکافینو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دکھایا گیا کہ کس طرح سعودی ایف 15 طیارے “ایئر فورس ون” کے ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پر اترنے سے پہلے تک فضا میں ساتھ رہے۔ اسکافینو نے اس موقع پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ’صدارتی طیارے سے صبح بخیر… سعودی عرب! مخلصانہ شکریہ اس ہمراہی اور صدر ٹرمپ کی حمایت پر، ہم سب اس کی قدر کرتے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاض پہنچنے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ٹرمپ اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔