سیتامڑھی (مظفر عالم)
خوفناک سڑک حادثے میں تین افراد کی موت ہو گئی۔ دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ واقعہ مظفر پور-سیتامڑھی ہائی وے این ایچ 77 پر مہندواڑہ تھانہ علاقے میں اتوار کی صبح پیش آیا۔ تیز رفتار کار اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ لوگوں کا ہجوم اردگرد جمع ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ کار بہت تیز رفتاری سے چل رہی تھی۔ وہ بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹرک اور کار کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر ٹوٹ کر بکھر گیا اور ٹرک کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے مہلوکین کی شناخت راجو کمار (24)، پاروتی دیوی (48)، پریاتا کماری (4) کے طور پر کی گئی ہے، جو بوکھرا تھانہ علاقہ کے ہری نگر وارڈ 2 کے رہنے والے ہیں، جب کہ دو افراد شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں میں وشنو راجہ ولد پنکج ساہ پٹنہ ضلع کے تحت پنپن تھانہ علاقے کے زاہد پور گاؤں کے رہنے والے اور ہری کرشن ساہ کے صاحبزادے پاکون ساہ اوڈیشہ کے پردیپ گڑھ کے رینے والے ہیں۔ دونوں زخمیوں کا سیتامڑھی کے صدر اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ اسکارپیو کے بکھرے ہوئے ٹکڑوں کو دیکھ کر کوئی بھی خود بخود اندازہ لگا سکتا ہے کہ ٹرک اور اسکارپیو کے درمیان تصادم کتنا زور دار رہا ہوگا۔ واقعہ کے بعد اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ سوگ کی فضا قائم ہے۔