وزیر اعلیٰ نے جموں کے ریہاڑی اور روپ نگر کا دورہ کیا

تاثیر 10 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 10 مئی : جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں کے ریہاڑی اور روپ نگر علاقوں میں متاثرہ مقامات کا معائنہ کیا اور مقامی باشندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہریوں کو درپیش تکالیف پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا اور تمام ضروری امداد بروقت فراہم کی جائے گی۔ جموں میں گزشتہ دو روز سے رات کے وقت پاکستان کی جانب سے ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ پہلگام حملے کے بعد ہند و پاک کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جمعہ کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ کے ذریعے جموں پہنچے، جہاں انہوں نے سانبہ اور جموں کے ان علاقوں کا دورہ کیا جو حالیہ شیلنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔