ہائی وے پر تیز رفتار کار درخت سے ٹکرائی، چار دوست جاں بحق، دو شدید زخمی

تاثیر 26 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سری گنگا نگر، 26 مئی:سادولشہر-ہنومان گڑھ ریاستی شاہراہ پر اتوار کی رات ایک تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کار میں سوار چار دوستوں کی موت ہو گئی، جب کہ دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ رات کے وقت کھیرو والا گاؤں کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق کار میں سوار تمام نوجوان سادولشہر تھانے کی حدود میں چک سوہنے والا اور تخت ہزارہ گاؤں کے رہائشی تھے۔ چھ دوست ایک ساتھ کار میں ہنومان گڑھ کی طرف جارہے تھے۔ راستے میں انہوں نے شراب پارٹی کی اور ویڈیو بھی بنائی ۔ اسی دوران ایک تیز رفتار کار سڑک کے کنارے سفید چنار کے درخت سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار کے پرخچے ہو گئے۔
حادثے میں وزیر سنگھ (30)، سکھویندر سنگھ (21) اور بلوندر سنگھ (18) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ کلوندر سنگھ (23) کی ضلع اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ حادثے میں زخمی سریندر کمار (20) اور گگن دیپ سنگھ (20) ضلع اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ یہ دونوں نوجوان کالج کے طالب علم ہیں۔