تاثیر 16 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
امروہہ، 16 جون: اتر پردیش کے امروہہ ضلع کے ایک گاؤں کے جنگل میں کام کرنے والی ایک غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے سے عمارت منہدم ہوگئی۔ عمارت کے ملبے تلے دب کر چار خواتین جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ ندھی گپتا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت آنند بھی موقع پر پہنچ گئے۔
رجب پور تھانہ علاقہ کے اتراسی گاؤں کے جنگل میں پٹاخے کی فیکٹری غیر قانونی طور پر چلائی جا رہی تھی۔ لوگ معمول کے مطابق یہاں کام کر رہے تھے کہ فیکٹری میں دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ عمارت کے ٹین شیڈ اور دیواریں گر گئیں۔ کئی افراد عمارت کے ملبے تلے دب گئے۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ گاؤں والوں کی اطلاع پر فائر بریگیڈ، انتظامی اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنا شروع کیا۔