تاثیر 30 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 30 جون:ممنوعہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) کے سابق عہدیدار اور پونے آئی ایس آئی ایس ماڈیول معاملے میں دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کرنے والے67 سالہ ناچن ثاقب ناچن کو پیر کے روز سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان تھانے ضلع کے بھیونڈی کے قریبی پڈگھا بوریولی گاؤں کے قبرستان میں ان کی والدہ کی قبر کے پہلو میں دفن کیا گیا۔
ان کی تدفین سخت سیکورٹی انتظامات میں انجام پائی، جس میں 2000 کے قریب سوگواروں نے شرکت کی۔ان کاانتقال ہفتہ کے روز دہلی کے ایک اسپتال میں دماغی ہیمرج کے علاج کے دوران ہوا، وہ اس وقت تہاڑ جیل میں زیر حراست تھے۔
ان کے بیٹے شمل، جو فی الحال تلوجا جیل میں قید ہیں، کو این آئی اے عدالت نے تدفین میں شرکت کی اجازت دی۔ پڈگھا کے ایک سرکاری افسر کے مطابق، نماز جنازہ کے بعد ناچن کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے مقام پر 500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے اور سینئر افسران نے پوری صورتحال کی نگرانی کی۔