دن دہاڑے 8 لاکھ لوٹنے والے پانچ شرپسند پولیس تصادم میں زخمی

تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

غازی آباد، 20 جون:غازی آباد پولیس نے 16 جون کو کوی نگر پولیس تھانہ علاقہ سے 8 لاکھ 15 ہزار روپے کی لوٹ مار کرنے والے پانچ بدمعاشوں کو جمعرات کی رات ایک انکاؤنٹر کے دوران گرفتار کیا ہے۔ رات کے وقت الگ – الگ تھانہ علاقوں میں ہونے والے ان تصادممیں گرفتار پانچ بدمعاشوں کو پولیس کی گولی لگی ہے۔ انہیں علاج کے لیے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اے سی پی کوی نگر بھاسکر ورما نے جمعہ کو بتایا کہ کوی نگر تھانے کی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 8 لاکھ 15 ہزار روپے کی لوٹ مار کرنے والے بدمعاش علاقے میں گھوم رہے ہیں۔ اس اطلاع پر پولیس مختلف مقامات پر چیکنگ کر رہی تھی۔ سکروڑ روڈ پر چیکنگ کے دوران کچھ لوگ دو موٹر سائیکلوں پر سوار پائے گئے جن میں ایک موٹر سائیکل پر 2 اور دوسری موٹر سائیکل پر 3 افراد سوار تھے۔
پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو موٹر سائیکل پر سوار دو افراد موقع سے فرار ہو گئے اور دوسری موٹر سائیکل پر سوار تین بدمعاشوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ ان کی بائک آگے گر گئی اور اس دوران انہوں نے دوبارہ پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں تین شرپسندوں سورج، نتن اور منیش کو گرفتار کر لیا گیا۔پولس کی فائرنگ سے سورج اور نتن پیر میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
ملزمان کے قبضے سے 4 لاکھ 30 ہزار روپے، 03 پستول (315 بور) اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس منصوبہ میں متاثرہ امت بھی شامل تھا اور اس کے علاوہ 2 دیگر افراد انکش اور برجیش بھی شامل تھے۔