تاثیر 17 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام)- جالے بلاک حلقہ کے دیورا بندھولی میں مرکز فروغ علم و دانش ، دربھنگہ کے زیر اہتمام منعقد 7 روزہ دینیات ورکشاپ منگل کو اختتام پذیر ہوگیا۔ اس موقع پراختتامی تقریب میں ورکشاپ میں شامل اسکول اور کالج میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کو ورکشاپ مکمل کرنے کی سرٹیفکیٹ دی گئی۔ ساتھ ہی گاؤں کے معزز افراد کے ہاتھوں میڈل دے کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ مرکز کے سکریٹری احتشام الحق نے طلبہ و طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ان سات دنوں میں دین کا جو علم سیکھا ہے اس پر خود بھی عمل کریں اور اپنے ساتھیوں کی بھی دین کے معاملے میں رہنمائی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ان سات دنوں میں، عقائد، طہارت ونظافت، عبادات، آداب زندگی، سیرت رسول، انبیائے کرام، خلفائے راشدین اور دیگر مشہور صحابہ سے متعارف کرانے کے ذرائع بھی سیکھیں ۔ اس کا مقصد دین کا تجسس جگانا تھا۔امید ہے کہ آئندہ بھی آپ خود دین کے ضروری مسائل سیکھتے رہیں گے۔ اس موقع پر ورکشاپ میں شامل شرکا نے اپنے سات دنوں کے تجربات کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں اس مدت میں دین کی بنیادی باتیں سیکھ لیں۔اس موقع پر مولانا شمیم اختر سلفی ، صغیر احمد آفتاب، دستگیر احمد، عبد المعبود، ریاض حسین سلفی، مولانا عبد الحق، مولانا عبد الاحد، مولانا فضل اللہ حسن سلفی، مولانا عتیق الرحمن بخاری، ماسٹر سجاد احمد اور عاطف جاوید سلفی وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکول ، کالج میں پڑھنے والے طلبہ و طلبہ کے لیے اس طرح کی کوشش ضروری ہے۔ یہ ایک منفرد کوشش ہے اور ایسی کوشش مسلسل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ارشاد عالم، ڈاکٹر شارب عرفان، ثناء اللہ، نیاز احمد اور نجیب اختروغیرہ بھی بطور خاص موجود تھے۔ مذکورہ شخصیات کے ہاتھوں بچوں کو میڈل دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر مرکز کی جانب سے ریسورس مولانا مولانا صابر مدنی، مولانا عبد الحق نوری، مولانا عبد الاحد سلفی، مولانا سیف الرحمن مدنی، عزیر کوثر تیمی اور عاطف جاوید سلفی وغیرہ کو یادگاری تحفہ دے کران کی عزت افزائی کی گئی۔ احتشام الحق کے کلمات تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔