ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر سوپی کا کیا معائنہ

تاثیر 18 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی( مظفر عالم )
ضلع مجسٹریٹ  رچی پانڈے نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر سوپی کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران روسٹر پر ڈاکٹروں، اے این ایم، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ہیلتھ ورکرز کی موجودگی کی تصدیق دیکھی ۔معائنے کے دوران اے ای ایس وارڈ، قبل از پیدائش چیک اپ روم، محکمہ اوبسٹیٹرکس، جنرل او پی ڈی، ایکسرے روم، فیملی پلاننگ کاؤنسلنگ کارنر، ایمرجنسی وارڈ، ایم سی ایچ ونگ وغیرہ کا معائنہ کیا گیا۔
معائنہ کے دوران صفائی تسلی بخش نہ ہونے پر آؤٹ سورسنگ پر بحال ہونے والی ایجنسی کی ایک دن کی ادائیگی روکنے کی ہدایت دی گئی۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے او پی ڈی کاؤنٹر پر روزانہ کی جانے والی او پی ڈی کی تعداد کی جانچ کی۔ڈیلیوری وارڈ میں بستروں کی حالت، سی سی ٹی وی، آگ بجھانے والے آلات، برقی آلات اور دیگر انفراسٹرکچر کو چیک کیا گیا۔ پی ایچ سی انچارج کو ضروری بنیادی سہولیات کے ساتھ سب کچھ ٹھیک کرنے کی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے ٹارگٹ کے مطابق ڈیلیوری کی تعداد کو چیک کیا۔تمام مریضوں کو معیاری ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے صحت کی سہولیات، میڈیسن ڈسٹری بیوشن روم، میڈیسن سٹور، ویکسی نیشن روم، ٹیسٹنگ سنٹر، مردانہ و خواتین وارڈز، آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا اور بنیادی مرکز صحت کے حفاظتی انتظامات اور صفائی ستھرائی اور مردانہ و خواتین کے بیت الخلاء کی صفائی کے حوالے سے ضروری ہدایت دی۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پرائمری ہیلتھ سنٹر میں آنے والے عام لوگوں سے رائے لی۔
اس موقع پر بی ڈی او سپی، انچارج میڈیکل آفیسر، ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر اور دیگر افسران موجود تھے۔اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے نے کہا کہ “یہ حکومت کی ترجیح ہے کہ عام لوگوں کو مقامی سطح پر صحت کی معیاری خدمات میسر آئیں۔ ہسپتالوں میں صفائی، ادویات کی دستیابی، ٹیسٹنگ کی ضروری سہولیات اور انسانی رویہ لازمی ہے۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ حکام مقررہ معیار کے مطابق انتظامات کو یقینی بنائیں۔”