نتیش کمار فٹ ہیں تو عدالت میں ثابت کریں: پرشانت کشور

تاثیر 5 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

چھپرہ،05جون:جن سوراج پارٹی کے ماسٹر مائنڈ پرشانت کشور نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صحت پر سوال اٹھائے ہیں۔ چھپرہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ ذہنی طور پر بیمار ہیں جس کی وجہ سے وہ کسی اہم عہدے پر فائز رہنے کے لئے فٹ نہیں ہیں۔ پی کے نے کہا کہ نتیش کمار بہار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر فٹ نہیں ہیں۔
پرشانت کشور نے کہا کہ وہ یہ بات کھل کر کہہ رہے ہیں اور کیمرے پر اس کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نتیش کمار میں ہمت ہے تو وہ میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کریں۔ پی کے نے کہا کہ جب ہم کسی پر الزام لگاتے ہیں تو دوسرا فریق کہتا ہے کہ وہ اسے عدالت میں لے جائیں گے۔ ایسے میں میں نتیش کمار کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مجھے عدالت لے جائیں اور بتائیں کہ کیا وہ ذہنی طور پر صحت مند ہیں۔ پھر کہتا ہوں کہ نتیش کمار ذہنی طور پر صحت مند نہیں ہیں۔