تاثیر 27 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 27 جون :ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ کی زیر صدارت اینکورڈ کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں منشیات کے متاثرہ علاقوں، این ڈی پی ایس کیسز کی پیش رفت، بھانگ کی غیرقانونی کاشت کی تلفی، ڈی ایڈکشن مراکز کی فعالی اور نسخہ جاتی ادویات کے بیجا استعمال جیسے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی سی نے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو سخت نفاذ، آگاہی مہمات میں وسعت، میڈیکل اسٹورز پر سی سی ٹی وی کی تنصیب اور نشہ مکتی پنچایتوں کے قیام کے لیے کمیونٹی اور نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
ڈی سی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ کو نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت نابینا کھلاڑیوں کے لیے ایک بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی ہدایت دی، تاکہ کھیلوں کے ذریعے منشیات کے خلاف بیداری کو فروغ دیا جا سکے۔ڈی سی نے اس موقع پر کہا کہ منشیات ایک سنگین سماجی ناسور ہے جس کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کو یکجا ہوکر مؤثر اور مربوط اقدامات کرنے ہوں گے، تاکہ ڈوڈہ کو نشہ سے پاک ضلع بنایا جا سکے۔