تاثیر 14 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 13 جون: بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر سنجے کپور انتقال کر گئے۔ سنجے نے 53 سال کی عمر میں انگلینڈ میں آخری سانس لی، پولو کھیلتے ہوئے انھیں اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انھیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، تاہم ڈاکٹر انھیں نہ بچا سکے۔ ان کے بے وقت انتقال نے کپور خاندان اور ان کے قریبی لوگوں کو گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔ سنجے کی موت کی خبر کے بعد انڈسٹری سے لے کر ان کے مداحوں تک ہر کوئی تعزیت کا اظہار کر رہا ہے۔
اداکارہ کرشمہ کپور نے سال 2003 میں بزنس مین سنجے کپور سے شادی کی تاہم چند سالوں میں ہی ان کے تعلقات میں دراڑیں پڑ گئیں اور دونوں کے درمیان اختلافات بڑھنے لگے۔ طویل قانونی جنگ کے بعد 2014 میں دونوں میں طلاق ہو گئی۔کرشمہ نے سنجے کپور پر ذہنی اور جسمانی تشدد جیسے سنگین الزامات بھی لگائے تھے۔ اس شادی سے ان کے دو بچے ہیں، بیٹی سمیرا اور بیٹا کیان۔
سنجے کپور ایک مشہور صنعت کار تھے اور پولو کھیلنا پسند کرتے تھے۔ بدقسمتی سے، اس نے یہ کھیل کھیلتے ہوئے آخری سانس لی۔ کرشمہ کپور سے طلاق کے بعد انہوں نے پریا سچدیو سے دوبارہ شادی کی۔ سنجے کی اچانک موت نے سب کو چونکا دیا ہے۔ تاہم ان کی موت کے حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔