تاثیر 17 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 17 جون : ہماچل پردیش میں پری مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی ہے۔ گزشتہ رات سے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 22 جون تک ریاست کے بیشتر اضلاع میں جاری رہے گا جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور گرمی سے راحت ملنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 20 سے 22 جون تک بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی وارننگ دی ہے اور اس کے لیے ایلو الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جنوب مغربی مانسون بھی 25 جون کے آس پاس ریاست میں پہنچ سکتا ہے۔
کل رات ریاست کے کئی اضلاع میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ 130.2 ملی میٹر بارش اونا ضلع کے تحت رائے پور میدان میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ منڈی ضلع کے بلدواڑہ میں 62.0 ملی میٹر، آر ایل بی بی ایم بی میں 58.0 ملی میٹر، اولنڈا میں 55.0 ملی میٹر، اونا اور کسولی میں 52.0 ملی میٹر، برہمانی میں 45.4 ملی میٹر، شملہ میں 42.7 ملی میٹر، بلاسپور میں 38.6ملی میٹر، اگھر میں 38.2 ملی میٹر، نیری میں 35.0 ملی میٹر اور شلارو میں 30.4 ملی میٹر بارش درج کی گئی ۔