!حاجی پور سے اٹھا عوامی سیلاب، اب رخ پٹنہ کے گاندھی میدان کا

تاثیر 16 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

حاجی پور،15 جون امیرِ شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کی زیرِ صدارت سنگی جامع مسجد، شہزاد پور (اندرون قلعہ)، حاجی پور میں تحفظِ اوقاف کانفرنس کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، جس میں ویشالی اور اطراف کے علاقوں سے عوام کا ایک جم غفیر امنڈ پڑا۔ اس پرنور اجتماع میں مقامی عوام، علمائے کرام، ائمہ مساجد، طلبہ اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔
حضرت امیرِ شریعت نے اپنے پرمغز خطاب میں وقف ایکٹ 2025 کی اصل حقیقت عوام کے سامنے رکھی۔ آپ نے نہایت واضح انداز میں فرمایا کہ یہ ترمیم آئین ہند کی روح کے منافی ہے اور ملت اسلامیہ کی دینی، تعلیمی، فلاحی اور سماجی شناخت پر ایک منظم حملہ ہے۔ وقف ایک ایسا شاندار نظام ہے جس نے صدیوں تک امت کی تعلیمی و رفاہی ضرورتوں کو پورا کیا ہے، حکومت اس نظام کو اپنی گرفت میں لینا چاہتی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ حضرت نے فرمایا: وقف اللہ کی امانت ہے، اسے حکومت کی نذر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ قانون ملت کی خودمختاری کو چھیننے والا ہے، اور ہم کسی قیمت پر یہ سودا نہیں کریں گے۔
امارتِ شرعیہ اور مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے اشتراک سے 29 جون 2025 کو پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد ہونے والی تاریخی عوامی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں یہ اجلاس ایک اہم جائزہ میٹنگ کے طور پر منعقد کیا گیا تھا۔ اس اجلاس کے دوران جب امارتِ شرعیہ کی یہ اپیل پیش کی گئی کہ ہر گاؤں، ہر بستی اور ہر محلے سے لوگ گھروں سے نکلیں اور گاندھی میدان کو اس طرح بھر دیں کہ حکومت کو دوٹوک پیغام مل جائے کہ یہ قانون ہمیں ہرگز منظور نہیں ہے،تو مجمع میں ایک بے مثال جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ عوام نے پورے عزم، ولولے اور نعرۂ تکبیر کی گونج کے ساتھ اعلان کیا کہ 29 جون کو گاندھی میدان بھر کر ہم تاریخ رقم کریں گے، اور حکومت کو بتا دیں گے کہ ملتِ اسلامیہ اپنے دین، دستور اور وقف کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
اس موقع پر جناب ایڈووکیٹ نسیم الدین صدیقی، جناب صدام حسین، پروفیسر واعظ الحق سمیت دیگر معزز مقررین نے بھی خطاب کیا اور وقف ترمیمی قانون کے مسترد ہونے تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
اس پروگرام کی نظامت مولانا احباب عالم صاحب امام و خطیب انور پور جامع مسجد نے کی، تلاوت کلام اللہ قاری شبلی نعمانی صاحب نے کی، نعت پاک حافظ مقصود صاحب نے پڑھی، استقبالیہ کلمات شاہد محمود پوری صاحب نے پیش کیے اور اظہارِ تشکر مولانا مفتی انصار عالم صاحب امام و خطیب مدینہ جامع مسجد باغملی نے پیش کیا۔
آخر میں حضرت امیرِ شریعت کی دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔