ڈاکٹر پونیت کمار سنگھ نے سنبھالی نارائن میڈیکل کالج اسپتال کے پرنسپل کی ذمہ داری

تاثیر 18 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

            سہسرام ( انجم ایڈووکیٹ ) معروف ڈرماٹولوجسٹ اور نسائی امراض کے ماہر ڈاکٹر پونیت کمار سنگھ نے نارائن میڈیکل کالج اینڈ اسپتال جموہار سہسرام ​​کے نئے پرنسپل کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ ڈاکٹر سنگھ کو کل شام ان کا تقرری خط پیش کیا گیا، اس سے پہلے ڈاکٹر پونیت کمار سنگھ کئی سالوں تک میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر ہیرالال مہتو جو کل 20 اکتوبر 2023 سے ریٹائر ہوئے ہیں جو نارائن میڈیکل کالج و اسپتال کے پرنسپل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔ ایک سادہ تقریب میں ڈاکٹر پونیت کمار سنگھ کو پرنسپل مقرر کیا گیا اور پھولوں کے گلدستے سے ان کا استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے منیجنگ ڈائرکٹر اور اورنگ آباد کے معزز ایم ایل اے تریوکرم نارائن سنگھ نے سبکدوش ہونے والے اور نئے تعینات ہونے والے پرنسپل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اپنے خطاب میں انھوں نے سابق پرنسپل ڈاکٹر ہیرالال مہتو کی تعریف کرتے ہوئے ان کے دور کو یاد کیا، انھوں نے نئے تعینات ہونے والے پرنسپل ڈاکٹر پونیت کمار سنگھ کو ان کی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالج کو اپنی مسلسل ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر سابق پرنسپل نے اپنی الوداعی تقریب میں جذباتی ہو کر یہاں اپنے وقت کے بارے میں اپنے تجربات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں ایک خاندان کی طرح رہتے تھے اور یہاں کبھی کسی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ اس موقع پر سینئر ڈاکٹرس، نان ٹیچنگ اسٹاف اور معززین علاقہ موجود تھے ۔