مشیر خان نے ایک ہی میچ میں سنچری اور پانچ وکٹ لے کر تاریخ رقم کردی

تاثیر28 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 28 اکتوبر: مشیر خان نے بدھ کو ہریانہ کے خلاف رنجی ٹرافی 2026-27 کے مقابلے میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔ وہ اس صدی میں ایک ہی فرسٹ کلاس میچ میں سنچری بنانے اور پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے ممبئی کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل روی شاستری نے 1990-91 کے سیزن میں مدھیہ پردیش کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
مشیر خان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ممبئی کی ٹیم مقابلے میں مضبوط پوزیشن میں پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 185 گیندوں پر 109 رنز بنائے۔ ان کی سنچری اور انگ کرش رگھوونشی کے 180 گیندوں پر 114 رنز کی بدولت ممبئی نے پہلی اننگز میں 430 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔
اس کے بعد گیند بازی میں بھی مشیر خان نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 52 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، جس کے نتیجے میں ہریانہ کی ٹیم لنچ تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بناکر جدوجہد کر رہی تھی۔مشیر خان ہندوستانی بین الاقوامی کرکٹر اور چنئی سپر کنگز کے بلے باز سرفراز خان کے بھائی ہیں۔