تاثیر4 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 نومبر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کے روز چار الگ الگ معاملات میں سات ریاستوں کے 35 مقامات پر تلاشی مہم چلائی۔ یہ معاملات سرکاری اور ادارہ جاتی املاک کے فرضی طریقے سے حصول، عوامی رقم کے غلط استعمال، سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی، آندھرا پردیش پبلک سروس کمیشن کے گروپ-1 مین امتحان کی جوابی کاپیوں کی جانچ میں بے ضابطگیوں اور کوآپریٹو سوسائٹی کی رقم کے غبن سے متعلق ہیں۔ ای ڈی کے چنڈی گڑھ، بھونیشور، حیدرآباد اور کیرالہ کے علاقائی دفاتر کی جانب سے پنجاب، اڈیشہ، مغربی بنگال، تلنگانہ، آندھرا پردیش، کیرالہ اور تمل ناڈو میں یہ کارروائی کی جا رہی ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق، ای ڈی کے چنڈی گڑھ علاقائی دفتر نے پنجاب میں سات مقامات پر تلاشی مہم چلائی۔ یہ کارروائی موگا ضلع میں سرکاری اور ادارہ جاتی املاک کے فرضی طریقے سے حصول اور عوامی رقم کے غلط استعمال سے متعلق معاملے میں کی گئی۔ یہ معاملہ قومی شاہراہ نمبر 754 اے کی تعمیر کے لیے حاصل کی گئی سرکاری زمین کے سلسلے میں فرضی موت ظاہر کرکے معاوضے کی رقم غیر قانونی طریقے سے جاری کرانے سے متعلق ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے 16 جون 2024 کو درج ایف آئی آر نمبر 101 کی بنیاد پر ای ڈی نے انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ (ای سی آئی آر) درج کی تھی۔

