بھاجپا کواقتدار سے باہر کرنے کیلئے سبھی جماعتیں متحد ہوں : لالو

پٹنہ 30 اپریل (اسٹاف رپورٹر): راجد سپریمو اور سابق وزیر ریل لالو پرساد نے 2019 کے لوک سبھا چناؤ میں مودی کو لہر کو روکنے اور بھاجپا کوہرانے کیلئے ایک نیا فارمولہ دیاہے۔ لالو پرساد نے کہا ہے کہ اگر بھاجپا کو پھر سے مرکز کے اقتدار میں آنے سے روکنا ہے تو بہار ،اترپردیش ، پنجاب اور بنگال کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان ریاستوں کی سیاسی جماعتیں ایک ساتھ آئیں گی تبھی مودی لہر کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ انگریزی اخبار اکانومک ٹائمس کو دیئے انٹرویو میں لالو پرساد نے یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عظیم اتحاد سے بہار اسمبلی چناؤ میں بھاجپا کو مات دی گئی ویسے ہی مرکز کے اقتدار کے قریب پھر سے بھاجپا کو جانے سے روکنے کیلئے قومی سطح کے سبھی جماعتوں کو ساتھ آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا پاکستان ، قبرستان ،شمشان جیسے مدعوں کو بھنا کر ہندومسلم کو بانٹنے کا کام کرتی ہے لیکن اس سے غریبوں کا پیٹ نہیں بھرتا ہے۔ بھاجپا کی سیاسی چال ہم لوگ سمجھ گئے ہیں۔ اسی کے مدنظر کانگریس صدر سونیا گاندھی ،ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی ،بسپا صدر مایاوتی اور اکھلیش یادو سے عظیم اتحاد کی بات کی جارہی ہے۔ لالو یادو نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کانگریس کی حمایت کی ہے اور ممتا کا ساتھ دینے میں بھی ہم پیچھے نہیں رہے ہیں۔ بھاجپا پر حملہ تیز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت جس طرح ملک کوگمراہ کررہی ہے اس حساب سے آئین میں بھارت جلد ہی ایک ہندو قوم بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتو کی سیاست کے دم پر بھاجپا ہندو ووٹ بینک بٹوررہی ہے۔ ہم بھی ہندو ہیں لیکن اس ملک میں یہ غلط ہورہا ہے۔