جھارکھنڈ کو ملیں گے اس سال 7 نرسنگ کالج

رانچی 06 جون (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے اعلان کیا ہے کہ سنگین بیماریوں کے علاج کیلئے ریاست کے عوام کا 2-2 لاکھ روپئے کابیمہ کرایا جائے گا۔ عام بیماریوں کیلئے 50 ہزار کابیمہ ہوگا اس کیلئے رقم حکومت مہیا کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خود کفیل لوگوں کو کم پریمیم پر یہ سہولت حاصل ہوگی۔ وزیر اعلیٰ سوموار کو نام کم میں ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اس سال سات نرسنگ کالج کھولے جائیں گے۔ اس سے ریاست میں نرسوں کی کمی پوری ہوجائے گی۔ آدی واسی خواتین کو نرسنگ کی تربیت دے کرانہیں روزگار مہیا کرایا جائے گا۔ ریاست میں ڈاکٹروں کی بھی کمی ہے، اسے بھی جلد از جلد پورا کیا جارہا ہے۔ جلسہ میں انہوں نے 145 ڈاکٹروں کے درمیان تقرر نامے بھی تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ضلع کے اسپتالوں کو بہتر بنایا جارہا ہے وہاں ہر طرح کی مشینیں مہیا کرائی جارہی ہیں۔ ریاست کے 8 ضلعوں میں 45 دنوں کے اندر ڈائلسس کی سہولت ملنے لگے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی پی ایل خاندانوں کو اور 72ہزار روپئے سالانہ کی آمدنی والوں کو ڈائلسس کی سہولت مفت حاصل ہوگی۔ آئندہ 6 مہینے کے دوران ہر ضلع میں یہ سہولت دستیاب ہوگی۔