سینگور میں سروے کا کام جاری،14ستمبر کوہوگی ممتا کی ریلی

کلکتہ ؍3ستمبر (یو این آئی)سینگور میں حصول اراضی کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد سے ہی موسم کی خرابی کے باوجود رات دن زمین سروے کا تیزی سے جاری ہے ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بیرون ملک کے دورہ سے واپس آنے کے بعد 14ستمبر کو سینگور کا دورہ کریں گی اور عوامی ریلی سے خطاب بھی کریں گی۔سینگور میں بایاں محاذ حکومت نے ٹاٹاموٹرس کے نینو پروجیکٹ کیلئے زمین کو تحویل میں لیا تھا ۔سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد جمعہ کو ریاستی افسران اور پولس ٹاٹا موٹرس کے احاطے میں داخل ہوئی اور سروے کا کام شروع ہوا۔10 سال سے بند ہونے کی وجہ سے 1000ایکڑ کے قریب زمین پر گھاس و غیرہ اگ گئے ہیں ۔زمین کے سروے میں جدید تکنالوجی کی مدد لی جارہی ہے ۔جی پی ایس اور ڈرون کی مدد سے بھی سروے کیا جارہاہے ۔درجنوں افراد کوجنگل کو ہٹانے کیلئے لگایا گیا ہے ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لینڈ رینیو (اے ڈی ایم ایل آر )پی مانجھی نے کہا کہ ہم لوگ جنگی پیمانے پر کام کررہے ہیں ۔فلیٹ لائٹ کی مدد سے رات میں بھی کام چل رہا ہے ۔ہم صفائی اور زمین سروے کاکام دو ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ موسم خراب ہونے کے باوجود کام جاری ہے سینگور میں ضلع مجسٹریٹ، ایس پی ریاستی زمین محکمہ، محکمہ زراعت کے افسران موجود ہیں ۔ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے سینگور کا دورہ کرکے افسران سے ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 14ستمبر کو سینگور کا دورہ کریں گی اور عوامی ریلی سے خطاب کریں گی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ گرچہ بیرون ملک کے دورے پر ہیں مگر وہ پوری کارروائی پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔چٹرجی نے کہا کہ ہماری ترجیح لوگوں کو واپس کرنے کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہمیں ہدایت دی ہے کہ ہم کسانوں کو زمین واپس کردیں ۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تھا کہ یہ تاریخی فیصلہ ہے اور یہ کسانوں کی جیت ہے کہ انہیں کوئی ان کی مرضی کے بغیر زمین سے محروم نہیں کرسکتا ہے اور ہم سپریم کورٹ کے فیصلہ کاحرف بہ حرف احترام و نافذ کریں گے ۔سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کو 12ہفتے کا وقت دیا ہے ۔