لاٹھی چارج میں ہلاک ہونے والے کے اہل خاندان کو 1لاکھ

دہرادون 04 اکتوبر (ایجنسی) :وزیراعلیٰ ہریش راوت نے راجدھانی میں گذشتہ دنوں لاٹھی چارج میں ہلاک ہوئے ایک شخص کو ایک لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ معاملہ شیشم باڑا کا ہے جہاں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اینڈ پروسیسنگ پلانٹ کی سنگ بنیاد تقریب میں لوگوں نے مظاہرہ کیا تھا۔ اس کے بعد پولس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہوگئی تھی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق حادثے کے فوراََ بعد وزیراعلیٰ راوت نے ضلع افسران کی ہنگامی میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں سی ایم نے ضلع مجسٹریٹ کو حکم دیا کہ مہلوک کے اہل خاندان کو ایک لاکھ روپئے کی امدادی رقم فوراََ مہیا کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ سے مقامی لوگوں کو خاص طور سے مستفید ہونے کاموقع دیا جائے ۔ پلانٹ میں تیار ہونے والا کھاد آس پاس کے لوگوں کو مفت مہیا کرایا جائے جبکہ باقی لوگوں کو رعایتی شرح پر مہیا کرایا جائے۔ اس میٹنگ میں افسران نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ جس شخص کی موت ہوئی ہے وہ لاٹھی چارج سے نہیں بلکہ ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے جس کی تصدیق ڈاکٹروں نے کی ہے۔ وزیراعلیٰ کو یہ بھی بتایا گیا کہ مہلوک کے ورثا نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کیا ہے۔