مندسور میں کسانوں پر فائرنگ،5 ہلاک

مندسور، 6 جون (یو این آئی) مدھیہ پردیش میں ضلع مندسور کے پپلیامنڈی میں کسانوں کے احتجاجی مظاہرے کے دوران آج پولس اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپ میں گولی لگنے سے پانچ لوگوں کی موت ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے ضلع مندسور کے ہیڈکوارٹر اور پپلیامنڈي میں کرفیو لگا دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے معاملے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ کانگریس نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلی سے استعفی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پولس ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سے جاری کسانوں کے احتجاج مظاہرے اور جھڑپ کے دوران حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے آج صبح تقریبا گیارہ بجے پولس کو گولیاں چلاني پڑیں۔ پولس ذرائع نے کہا کہ پرتشدد جھڑپوں میں پربھولال پاٹیدار، کنھیالال پاٹیدار اور ببلو پاٹیدار کی موت ہو گئی۔ ان کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ پانچ دیگر زخمیوں کو علاج کے لئے اندور بھیجا گیا، لیکن راستے میں سریندر اور ایک دیگر زخمی کی بھی موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ یہاں سے تقریبا 20 کلومیٹر دور پپلیامنڈي میں مشتعل مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے گولیاں چلا نی پڑیں۔ واقعہ کے بعد ارد گرد کے اضلاع سے بھی اضافی پولیس فورس طلب کرکے تعینات کیا گیا ہے ۔ تشدد پر آمادہ مظاہرین نے ایک پولس چوکی کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی لیکن اسے ناکام کر دیا گیا۔ان واقعات کے سلسلے میں ضلع کے سینئر پولس اور انتظامی افسران خاموش ہیں اور وہ سب کے سب حالات کو کنٹرول کرنے میں لگے ہیں۔مندسور کے ساتھ پڑوسی ضلع نیمچ اور رتلام میں مواصلات کی خدمات وھاٹس ایپ اور انٹرنیٹ وغیرہ بند کر دی گئی ہے ۔ افواہوں کو روکنے کی کوشش کے تحت ایسا کیا گیا ہے ۔اس واقعہ کے بعد ضلع مندسور کے ہیڈکوارٹر اور پپلیا منڈي میں کرفیو لگا دیا گیا ہے ۔ ضلع کلیکٹر آزاد کمار سنگھ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی پہلی ترجیح قانون و انتظام کو برقرار رکھنا ہے ۔ پولس اور انتظامیہ پورے ضلع کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔اس سے پہلے کل دیر رات مظاہرین نے ضلع کے دلودا میں ایک ریلوے پھاٹک کو بری طرح نقصان پہنچایا تھا۔ اس کے بعد مظاہرین نے پٹریوں کو توڑنے کی کوشش کی۔ مشتعل مظاہرین کو دیکھتے ہوئے پولس نے ہلکی طاقت کا استعمال کیا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑ کر مظاہرین کو وہاں سے ہٹایا۔اس دوران دارالحکومت بھوپال میں وزیر داخلہ بھوپندر سنگھ نے میڈیا سے بات چیت میں دعوی کیا کہ پپلیامنڈا میں جن لوگوں کی موت ہوئی ہے ، اس کی وجہ پولیس کی گولیاں نہیں ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ پھر گولیاں کس نے چلائیں، انہوں نے کہا کہ تفتیش سے ساری صورتحال صاف ہو جائے گی۔ان واقعات کے سلسلے میں پولیس کے سینئر افسر کچھ بھی کہنے سے بچتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وہیں ریاستی بی جے پی کی جانب سے بدھ کو یہاں وزیر اعلی کی رہائش گاہ پروزیر اعلی مسٹر چوہان کی مجوزہ اعزازی تقریب ملتوی کر د ی گئی ہے ۔ ریاست میں کسان تحریک کے درمیان ریاستی بی جے پی نے کل ہی اعلان کیا تھا کہ مسٹر چوہان کا ‘سمان’کیا جائے گا، کیونکہ انہوں نے ریاست کے کسانوں کے مفاد میں کافی اقدامات کئے ہیں۔ آج کے واقعات کے درمیان یہ پروگرام نہیں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔